حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے )کے صدر کے عہدہ کے انتخابات میں
مقابلہ کرنے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو ایک
دھچکہ لگا ہے کیونکہ ریٹرننگ افسر راجیوریڈی نے ان کے پرچہ نامزدگی کو
مسترد کردیا ہے۔ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدہ کے لئے اظہرالدین سمیت
تلنگانہ حکومت کے صلاح کار وویک،سابق کرکٹرایم ایل جئے سمہا کے بیٹے وی جئے
سمہا مقابلہ کر رہے تھے تاہم موجودہ طورپر اظہرالدین کا پرچہ نامزدگی
مسترد کردیئے جانے کے بعد انتخابی میدان میں
صرف وویک اور جئے سمہا ہی رہ
گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تاحیات پابندی کے سلسلہ میں اظہر الدین کی جانب سے پیش
کردہ تفصیلات سے ریٹرننگ افسر مطمئن نہیں ہوئے ، یہی وجہ ہے کہ ان کے پرچہ
نامزدگی کومسترد کردیا گیا۔ریٹرننگ افسر نے اظہر سے ان پر بی سی سی آئی کی
جانب سے لگائی گئی تاحیات پابندی سے متعلق تفصیلات مانگی تھیں۔ اظہر کے پرچہ نامزدگی مسترد کردیئے جانے کے بعد ان کی حیدرآباد کرکٹ ایسوسی
ایشن کے صدر کے عہدہ پر کامیابی کے ذریعہ نئی اننگز کی شروعات کرنے کی
امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔